Wednesday 27 May 2009

سفر در سفر

4 comments
پچھلے ہفتے پہلی بار آزاد کشمیر جانا ہوا۔ سفر اتنا طویل نہیں تھا لیکن شدید گرمی اور جی ٹی روڈ سے ہٹ کر کسی سڑک پر سفر کرنے کا تصور پہلے ہی تھکن کا احساس دلا رہا تھا۔ بہرحال پانی، کھانے پینے وغیرہ کا ٹھیک ٹھاک بندوبست کیا اور راونہ ہوئے۔ یہ اور بات ہے کہ چھوٹی سڑک جی ٹی روڈ سے بھی زیادہ اچھی حالت میں تھی چنانچہ سفر آرام اور خیریت سے گزر گیا۔ میزبانوں نے اس قدر مہمان نوازی کی کہ مجھے یہ کہنا چاہئیے کہ یہ میری زندگی کی یادگار مہمان نوازیوں میں سے ایک تھی۔ واپسی پر بھی سفر مزے میں گزرا۔ اگرچہ تھکن نہ ہونے کے برابر تھی پھر بھی اپنے گھر کے راستے پر پہنچتے ہہی سکون اور اطمینان کی لہر دل میں دوڑ گئی۔ گھر والوں نے بھی یوں استقبال کیا جیسے ہم لوگ کوئی دشوار گزار راستہ طے کر کے آئے ہیں لہٰذا خوب خاطریں کرائیں اور اگلا پورا دن آرام کرنے میں گزرا۔ ویسے سفر اس لحاظ سے بھی اچھا تھا کہ چھمب جوڑیاں اور افتخار آباد، جہاں 1971ء میں جنرل افتخار کا طیارہ گرا تھا، کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں۔ :)
یہ تو تھی میرے سفر کی داستان۔ اور ایک سفر وہ بھی ہے جو اپنے ہی ملک میں ہجرت پر مجبور اہلیانِ سوات کر رہے ہیں۔ جنہیں سفر پر نکلنے سے پہلے نہ تو اس کی طوالت کا اندازہ ہے اور نہ منزل و عارضی پڑاؤ کی خبر۔ زادِ راہ ساتھ رکھنا تو کجا، انہیں تو یہ بھی نہیں معلوم کہ واپسی کب ہوگی یا ہو گی بھی کہ نہیں۔ جو حکومت کے مہمان ہیں لیکن ان کے میزبانوں خود تو ایئر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھے ہیں اور مہمانوں کو شدید گرمی میں بٹھا چھوڑا ہے۔ اور جن کے ایسے ہموطن بھی ہیں جو مصیبت کی اس گھڑی میں ان کی مدد کرنے کے بجائے اپنے دروازے ان پر بند کر دیتے ہیں۔ اگر ہمارا اپنا یہ حال ہے تو غیروں سے کیا امید رکھنی :quiet:



http://www.daylife.com/photo/043Hdw6aPb4Bz

اور ان مسافروں کی تھکن کا اندازہ کون کر سکتا ہے جو سفر پر نکلنے سے قبل یہ بھی جانتے ہوں کہ جب وہ واپس لوٹیں گے تو ان کے گھرکھنڈرات میں بدل چکے ہوں گے۔ :cry:

4 comments:

  • 27 May 2009 at 12:26

    خُوب دریچہ کھولا ہے آپ نے ۔ کیا موازنہ کیا ہے ۔ یعنی زندگی جنت اور جہنم میں کیسی ہوتی ہے ۔
    ناراض نہیں ہونا ۔ میں نے جب آپ کی تحریر کا پہلا فقرہ پڑھا تو مجھے تاؤ آ گیا تھا کہ کیسی لڑکی ہے جو میرے جنت نظیر علاقے کو کیا کہہ رہی ہے ۔ بی بی ۔ میں جموں کشمیر کا رہنے والا ہوں ۔ خود تعریفی اچھی چیز نہیں ہے بس یوں سمجھ لیں کہ ہم جاہل لوگ ہیں ۔ ہم میں سے وہ لوگ جو پچھلے 60 سال سے جموں کشمیر سے باہر رہ رہے ہیں ان پر نئی تہذیب نے اب تک کچھ اثر نہیں کیا تو جو لوگ ابھی تک وہیں رہ رہے ہیں اُن پر کیا اثر ہو گا ۔

  • 28 May 2009 at 00:40
    فرحت کیانی :

    نہیں انکل۔ میرا ہر گز ایسا کوئی مطلب نہیں تھا۔ میں تو گھر کے سکون اور طویل سفر کی صعوبتوں کی بات کر رہی تھی۔ کشمیر کے جنتِ ارضی ہونے سے کون انکار کر سکتا ہے اور جیسے میں نے کہا کہ یہ میرے لئے ایک یادگار سفر تھا۔ خواہ وہ خوبصورت نظارے ہوں یا مہمان نواز میزبان۔ کسی بھی جگہ کچھ کمی نہیں دیکھی :) :)

  • 29 May 2009 at 00:37

    بہت مختصر لکھی اپنے سفر کی داستان آپ نے :)

  • 31 May 2009 at 20:51
    فرحت کیانی :

    محمد وارث: مختصر لکھنے کی ایک وجہ عدیم الفرصتی بھی ہے۔ موقع ملا تو کبھی تفصیل سے لکھوں گی اس بار کا سفر نامہ :)

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔