Sunday 24 August 2008

پکوڑے

16 comments

ویسے تو میں پکوڑہ کھاؤ مہم میں زیادہ ذوق و شوق سے حصہ لے سکتی ہوں۔ لیکن فی الحال شگفتہ نے 'پکوڑہ بناؤ'میں مصروف کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک بہترین ترکیب تو بدتمیز نے شگفتہ کو پہلے ہی بتا دی ہے۔ اور میرے خیال میں بھی یہی سب سے کارآمد ترکیب ہے وقت اور محنت دونوں کی بچت



شگفتہ! ہمارے گھر میں ہر ایک کی اپنی ہی پسند ہے اس لیے مختلف قسموںکے پکوڑے بنتے ہیں۔ بیسن کا آمیزہ (batter) تو سب کے لیے ایک سا ہوتا ہے جس میں کبھی آلو، کبھی سبزی، کبھی چکن وغیرہ ڈالے جاتے ہیں۔



بیسن کا آمیزہ:


اجزاء:


میں کھانا بناتے ہوئے باقاعدہ ناپ تول کی بجائے اندازے سے مقدار لیتی ہوں۔ (اس لیے اگر کہیں کمی بیشی نظر آئے تو پیشگی معذرت)



بیسن: ۲۵۰۔۳۰۰ گرام


لال مرچ: ۱ چائے کا چمچ


( میں کُٹی ہوئی ثابت مرچ ڈالتی ہوں)


ہلدی: آدھا چائے کا چمچ


نمک: حسبِ ضرورت


سفید زیرہ: آدھا چائے کا چمچ


چاٹ مصالحہ: حسبِ پسند


خشک دھنیہ(موٹا موٹا پسا ہوا) : آدھا چائے کا چمچ


بیکنگ پاوڈر: ایک چٹکی


میتھی دانا: ایک چوتھائی چائے کا چمچ


کڑی پتے(تازہ)


ادرک/لہسن پیسٹ: ایک چائے کا چمچ


باریک کٹی ہوئی ہری مرچ( آپشنل)


ہرا دھنیہ


کوکنگ آئل: حسبِ ضرورت




ترکیب:


فرائنگ پین میں ڈیڑھ سے دو چمچ آئل گرم کریں۔ چوتھائی چمچ میتھی دانا اور چھ/سات کڑی پتے ڈال کر بگھار تیار کر لیں۔ اسی دوران بیسن میں تھوڑا سا پانی ڈالیں اور پھر بگھار بھی شامل کر لیں۔ اچھی طرح مکس کر لیں۔ لال مرچ، ہلدی، نمک، زیرہ، خشک دھنیہ، چاٹ مصالحہ، میٹھا سوڈا شامل کر لیں۔ تھوڑا تھوڑا پانی ڈال کر بیسن مکس کریں اور بیٹر تیار کرلیں۔ ہری مرچ اور ہرا دھنیہ بھی ڈال دیں۔ پکوڑے بنانے سے کچھ دیر پہلے آمیزہ تیار کر کے رکھ دیں تو پکوڑے خستہ بنتے ہیں۔



*اکثر لوگ پکوڑوں میں ادرک،لہسن نہیں ڈالتے لیکن میں ڈالتی ہوں۔ مجھے پکوڑوں میں ادرک کا ذائقہ بہت پسند ہے اس لیے میں تازہ ادرک کدوکش کر کے ڈالتی ہوں۔ اماں اور بھابھی اجوائن بھی ڈالتی ہیں پکوڑوں میں۔



اب اس آمیزے کو استعمال کرتے ہوئے کوئی سے بھی پکوڑے بنا لیں۔ :)



۱۔آلو کےسادہ پکوڑے:


ایک میڈیم سائز آلو چھیل کر اس کے باریک قتلے کاٹ لیں ۔ آئل گرم کریں اور آلو کے قتلے اچھی طرح بیسن میں ڈبو آئل میں ڈال دیں۔ گولڈن براؤن ہونے پر نکال لیں۔



 


۲۔چکن اور آلوکے پکوڑے:



*چکن بون لیس: باریک لمبے پیس کاٹ لیں (جیسے فرنچ فرائز کے لیے آلو کاٹتے ہیں


اصلی ترکیب میں چکن کو پہلے ابالنا ضروری نہیں۔ لیکن اس صورت میں آپ کو پکوڑوں کو کافی دیر تک ہلکی آنچ پر پکانا پڑتا ہے۔ اس لیے میں چکن کو پہلے ہی ابال لیتی ہوں)


*آلو: چھیل کر فرنچ فرائز کی طرح لمبائی میں کاٹ لیں۔



بیسن کے مکسچر میں چکن اور آلو شامل کر لیں اور اچھی طرح مکس کر لیں۔ کوکنگ آئل گرم کریں اور چمچ سے مکسچر آئل میں ڈال کر پکوڑے فرائی کر لیں۔( اگر چکن اُبلا ہوا نہیں ہے تو ہلکی آنچ پر کافی دیر تک فرائی کرنا ہو گا تاکہ چکن کچا نہ رہ جائے)


گولڈن ہونے پر پکوڑے نکال لیں۔


اگر چاہیں تو چکن اور آلو کے ساتھ بینگن بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔



۳۔ ڈبل روٹی کے پکوڑے:


سادہ ڈبل روٹی کے سلائسز لیں۔سخت کنارے کاٹ لیں۔ اب سلائسز کو مستطیل یا تکون کسی بھی شکل کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔


ان ٹکڑوں کو بیسن میں اچھی طرح ڈبو کر گرم آئل میں گولڈن براؤن ہونے تک فرائی کریں۔




۴۔ پیازکے پکوڑے:


ایک بڑا پیاز چھیل کر چھلے دار (رنگز کی شکل میں) کاٹ لیں اور بیسن میں ڈبو کر فرائی کر لیں۔


 





اور اب ان پکوڑوں کو اپنی پسند کی کسی بھی چٹنی کے ساتھ نوش کریں۔ اور مجھے کھانے کی دعوت دینا نہ بھولیں۔ :)


ویسے مجھے آلو کے سادہ پکوڑے اور سبزی کے پکوڑے پسند ہیں۔ جو بھی سبزی فریج میں موجود ہو میرے پکوڑوں کی فلنگ بن جاتی ہے :)




16 comments:

  • 25 August 2008 at 02:08
    حجاب :

    چکن اور آلو کو پکوڑے اچھے لگے شکریہ ۔

  • 25 August 2008 at 08:47

    چکن اور آلو کو پکوڑے اچھے لگے شکریہ ۔

    آپ چکن ہیں کہ آلو؟ :P

  • 27 August 2008 at 02:37
    حجاب :

    بدتمیز ، آپ مجھے چکن سمجھتے ہیں یا آلو ؟؟؟؟؟ جواب دیں ذرا پھر میں بھی دیتی ہوں جواب :P

  • 27 August 2008 at 03:46

    اس کے لئے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ کچھ عرصہ بعد پتہ چلے گا کہ چکن ہیں کہ آلو۔ اتنی دیر آپ بتا دیں :d

  • 27 August 2008 at 08:02

    السلام علیکم
    :)
    تھینکس فرحت تراکیب کے لیے ، اتنے شاندار لگ رہے ہیں پکوڑے :) لیکن پلیٹ ساری کی ساری اپنے ہی پاس رکھ لی فرحت :( :( :(

  • 27 August 2008 at 16:30

    اوپر والی تصویرمیں جو پکوڑے ہیں وہ اسی ترکیب سے بنے ہیں؟

  • 27 August 2008 at 21:52
    Virtual Reality :

    @ حجاب: بہت بہت شکریہ :)
    @ بدتمیز: :D :D :D
    ویسے تحقیق بہت وقت مانگتی ہے۔ پکوڑے ٹھنڈے ہو رہے ہیں :D

    @ شگفتہ: بہت شکریہ۔ اپنے پاس تو نہیں رکھی۔ آپ کے لیے ہی لگائی ہے ناں یہاں :)

    @ ڈفر: جی یہ پکوڑے انہی تراکیب سے بنے ہیں :)

  • 28 August 2008 at 01:08
    حجاب :

    بدتمیز ، سوال آپ نے کیا ہے جواب کے لیئے تحقیق جاری رکھیں صحیح جواب ہوا تو انتساب آپ کے نام بھی ہو سکتا ہے ، غلط ہوا تو مجھے بہت ساری چکن دیں گے آپ ، بلکہ بہت ساری چکن تو خراب بھی ہو سکتی ہے لائٹ پرابلم ہے آج کل ، آپ بطور فائن غلط تحقیق پر ایک پولٹری فارم دے دیجئے گا :P :lol:

  • 28 August 2008 at 05:23

    دریچہ: پکوڑے، :( میری امی کو صرف بیسن کے آلو والے پکوڑے بنانے ؔآتے ہیں اور ان کا بھی جو حشر کرتی ہیں اس کے بعد پکوڑے اچھے نہیں لگتے۔ صرف بازار کے۔ باقی خواتین کا پتہ نہیں کیسے بناتی ہیں۔

    حجاب: آپ اگر لگ گئی نہ کہیں ٹیچر تو ہر سوال پر پوری کلاس کو فیلڈ ٹرپ پر لے جائیں گیں۔ سوال کا جواب بھی میں خود ہی ڈھونڈو یہ تو اچھی بات نہیں۔ اور انتساب میں آنے کا مجھے کیا فائدہ۔ ہو سکے تو اگر وصیت میں یاد رکھیں تو بہت شکریہ :D
    شیخوپورہ گھنگ روڈ پر سیدھی چلتی جائیں۔ ریلوے لائن کراس کر کے دونوں طرف پولٹری فارمز ہیں۔ جونسا مرضی لے لیں۔ ہونگے خالی کھنڈر پر آپ نے تو پولٹری فارم ہی مانگے ہیں نہ؟ :P

  • 29 August 2008 at 06:08
    Virtual Reality :

    :D :D
    @
    بدتمیز: باقی خواتین ایسے ہی بناتی ہیں جیسے آجکل شگفتہ کی مہم کے جواب میں لکھ رہی ہیں۔ اور آپ خود بھی کوشش کر سکتے ہیں امی بھی خوش ہو جائیں گی۔ ویسے بھی پکوڑے بنانے کے لیے کسی مخصوص ترکیب کی تو ضرورت نہیں ہے۔

  • 29 August 2008 at 11:56

    دریچہ ‌^o)
    آپ خواتین سب ایک جیسی کیوں ہوتی ہیں؟ امی بھی یہی کہتی ہیں نہیں پسند تو خود بنا لو۔ ویسے آج اچھے بنائے تھے۔ اگر میں نے خود ہی بنانے ہوں تو خانساماں نہ بن جاؤں؟ میں نے تو امی کو بڑا سمجھایا ہے اب اپنے آرام کے واسطے ایک "چاند" سی بہو لے آئیں پر کہاں :(

  • 29 August 2008 at 19:40
    حجاب :

    بدتمیز ، وصیت نامہ میں آپ کو یاد رکھ کے اپنی اُس جائداد کا حصّہ آپ کو بھی دوں کیا جو ہے ہی نہیں :P سوال آپ نے کیا تھا جواب بھی آپ ہی دیں گے ناں کہ وجہ کیا ہے مجھے چکن یا آلو سمجھنے کی ؟؟ پھر باقی کے جواب میں دیتی ، مگر آپ نے تو ہار مان لی اور پولٹری فارم کا پتہ بتانے لگے :P مجھے پولٹری فارم مرغیوں کے ساتھ چاہیئے اور کراچی میں چاہیئے :P

  • 30 August 2008 at 20:27
    Virtual Reality :

    @ بدتمیز: آپ حضرات بھی تو ایک جیسے ہوتے ہیں کہ چائے بنانے سے لیکر ٹائی اور شرٹ سنبھالنے تک خود کچھ کرنے کی بجائے امیوں کو 'چاند سی بہو' لانے کا مشورہ دینے لگتے ہیں :D
    ویسے ٹی وی پر ککنگ کے اکثر پروگرامز میں حضرات ہی کچھ نہ کچھ بنا رہے ہوتے ہیں لیکن وہ خانساماں نہیں ہوتے :D

  • 31 August 2008 at 02:10

    حجاب: میں نہ آپ کو چکن سمجھتا ہوں‌نہ آلو۔ (ابھی تک( سوال اس لئے کیا کہ آپ نے لکھا تھا کہ

    حجاب
    August 24th, 2008 | 8:08 pm

    چکن اور آلو کو پکوڑے اچھے لگے شکریہ ۔

    یعنی چکن اور آلو کو پکوڑے اچھے لگے تو پوچھا تھا کہ ان دونو‌ں‌ میں سے آپ چکن ہیں‌ کہ آلو؟ اب اس سوال کا جواب میں‌ کیسے دے سکتا ہوں کہ لکھا آپ نے ہے۔
    اب بتا بھی دیں اور باقی کے جو جواب بھی دینے ہیں دیں دیں اس سے پہلے کے رمضان آ جائے اور دونوں‌ میں سے کوئی ایک قید ہو جائے۔:P
    سوری پولٹری فارم کی بات ہوئی تھی بعد میں پولٹری ڈالنے کی اجازت نہیں یہ تو آپ اس بندے کی طرح کر رہی ہیں جو عین نکاح پر جہیز میں‌ کار بھی ایڈ کر دیتا ہے۔

    دریچہ: بس کیا کریں کبھی غرور نہیں کیا۔ بہو لائیں گی تو ان کی جان چھوٹے گی نہ۔ بیچارے خانسامان ہی ہوتے ہیں اور مجھے تو پورا یقین ہے ان کی امیاں اور بیگمات ان کو خود پکا لو کہہ کہہ کر مجبور کر دیتی ہے کہ خود ہی سیکھ لیں۔ میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔ جس کا کام اسی کو ساجھے۔ ویسے بھی ٹیبل پر بیٹھ کر چمچ پلیٹ بجانا زیادہ آسان ہوتا ہے۔

  • 2 September 2008 at 08:47
    Virtual Reality :

    بدتمیز: کئی بیٹوں کو امیوں کی بہو کے آ جانے کے بعد پتا چلتا ہے کہ کھانا تو امیاں ہی اچھا بناتی ہیں :)
    اب یہ تو مفروضے والی بات ہو گئی کہ خانساماں یا خانساماں نما ہونے میں امیوں یا بیگمات کا ہاتھ ہوتا ہے۔ اچھا ہے مجھے تحقیق کے لیے ایک اور موضوع مل گیا :D
    بالکل جی۔ چمچ بجانا تو حضرات کا حق ہے :)

  • 4 September 2008 at 03:13
    حجاب :

    فرحت ، ایموشنز کہاں ہیں آپ کے بلاگ پر نظر نہیں آ رہے ، مجھے ہنسی آ رہی ہے ، بدتمیز ، میں نے تو کے لکھا تھا پتہ نہیں ، کو ، کیسے ہو گیا ، اور آپ بھی پہلے ہی بتا دیتے تو کیا ہوتا ؟ میں تو قید نہیں ہوئی آپ کا کیا حال ہے بدتمیز ؟؟

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔