Thursday 11 October 2007

عید مبارک

5 comments

اس دفعہ عید کا موقعہ دو انتہائی پیارے لوگوں کی ابدی جدائی کے دکھ کو سوا کر رہا ہے۔۔ابھی تو لوگ نانا جان کی وفات کا پرسہ دینے آ رہے تھے کہ میری جواں سال کزن جو میری بھابھی کی بہن بھی تھیں کی ناگہانی موت نے جیسے سب کے حواس مختل کر دیے ہیں۔۔لیکن مشیتِ ایزدی کے آگے کس کی چلی ہے۔۔۔موت برحق ہے۔۔ صبر تو آ جاتا ہے۔۔بس یہ ہے کہ جانے والوں کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔۔
بہرحال عید کی نماز پڑھنا اور ایک دوسرے کو عید مبارک تو کہنا ہی ہے۔ کہ زندگی کسی کے جانے پر کب رکی ہے۔۔۔ جب تک سانس ہے دنیا کے کام ایسے ہی چلتے رہتے ہیں۔۔
پچھلی دفعہ یہاں تین عیدیں منائی گئیں تھیں جس کی وجہ سے پاکستانی کمیونٹی کو کافی خفت کا سامنا کرنا پڑا تھا چنانچہ اس بار متفقہ طور پر یکم رمضان کا فیصلہ کیا گیا اور امید تھی کہ عید بھی ایک ہی دن منائی جائے گی لیکن افسوس کہ اس دفعہ بھی کچھ گڑبڑ ہو گئی۔۔ مڈ لینڈز والوں نے کل عید کا اعلان کر دیا ہے جبکہ لندن اور باقی علاقوں میں ہفتے کو عید منائی جائے گی۔۔ اب مسئلہ کچھ یوں ہے کہ ہمارے گھر والے ایک جگہ اکٹھے تو ہیں نہیں۔۔ چنانچہ ایک دوسرے کو فون کیا جا رہا ہے کہ کیا خیال ہے عید کل ہے یا پرسوں( کم از کم خاندان میں تو ایک عید پر اتفاق ہونا چاہئے ناں):کیونکہ یوکے رویت ہلال کمیٹی کے مطابق آج دنیا بھر میں ایک دو جگہوں کے علاوہ کہیں بھی نظر نہیں آئے گا۔۔ ابھی تھوڑی دیر پہلے ہمارے ایک فیملی فرینڈ کا فون آیا (ان کی رہائش بھی مڈ لینڈز میں ہی ہے) ۔۔بیچارے کہنے لگے کیا بتاؤں ہمارے تو اپنے خاندان والے دو عیدیں منا رہے ہیں۔۔ کچھ لوگ کل اور کچھ پرسوں عید منائیں گے۔۔ ویسے اس قضیے کی وجہ سے پاکستان اور یہاں کی عید میں کچھ زیادہ فرق باقی نہیں رہا ہے۔۔۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ عید امتِ مسلمہ اور پاکستان کے لئے عیدِ سعید ثابت ہو اور رمضان کے بابرکت مہینے میں کی گئی عبادتوں اور دعاؤں کو قبولیت کا شرف حاصل ہو۔۔آمین


5 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔