Thursday 6 November 2008

میرے بھی آٹھ مکان!!

12 comments








ڈفر نے آٹھ مکان سلسلے میں ٹیگ کیا۔ کھیل کے اصول کے مطابق آپ کو یہ فرض کرنا ہے اگر آپ فوراً سے جان مکین جتنے امیر ہو جائیں کہ آپکے پاس 8 مکان ہوں تو آپ کہاں چاہیں گے کہ آپکے یہ آٹھ مکان ہوں؟ اور کیوں؟‘
آپ صرف اسی ملک میں مکان بنا سکتے ہیں جہاں آپ رہتے ہیں اور میک کین بن سکتے ہیں۔ اس ٹیگ پوسٹ کے بعد 8 دوسرے بلاگرز کو ٹیگ کریں اور گھر بنانے کے لئے پراپرٹی کی قیمت کی فکر نہ کریں۔

اس سلسلے کی ایک شرط یہ ہے کہ جس ملک میں آپ رہتے ہوں وہاں ہی مکان بنا سکتے ہیں۔ میں کیونکہ پاکستان اور یوکے کے درمیان شٹل کاک بنی رہتی ہوں تو دونوں جگہ رہائش ہے۔ ویسے بھی :pak کے بغیر میرا گزرا نہیں اس لئے امید ہے کہ اس سلسلے میں مجھے کچھ رعایت دی جائے گی۔ :smile

[شورش سے بھاگتا ہوں ، دل ڈھونڈتا ہے میرا.....ایسا سکوت جس پر تقریر بھی فدا ہو]

یہ رہی میری لسٹ۔

1 . پہلا مکان۔ پاکستان میں اپنے گھر کے پاس ہی۔

آپ چاہے ساؤتھ پول سے بھی ہو آئیں۔ جو خوشی اپنے لوگوں کو دیکھ کر اور ان کے درمیان رہ کر ملتی ہے اس کا کوئی بدل نہیں :) ۔ ویسے ایک وجہ اور بھی ہے وہ یہ کہ کیونکہ میں مکین جتنی امیر(خیالوں میں ہی سہی) ہو رہی ہوں تواردگرد کچھ لوگ تو ہوں جن پر ٹہکا شہکا پڑ سکے۔ :daydream

2. دوسرا کوئٹہ بلوچستان میں۔

مجھے اپنے ہوش میں کوئٹہ جانے کا کبھی موقع نہیں ملا۔ وہاں جانا اور خصوصاً پشین اور حنّہ جھیل کے گردو نواح میں کچھ وقت گزارنا ہمیشہ سے میری وش لسٹ پر رہا ہے۔اللہ تعالیٰ بلوچستان پر آئی مشکلات کو ٹال دے اور اس خطے کی خوبصورتی قائم رکھے۔ آمین :pray

3. لاہور لاہور اے

جب میں پہلی بار لاہور گئی تھی تو مجھےوہاں رہنا بالکل بھی اچھا نہیں لگا تھا۔ یوں لگتا جیسے شہر کے گرد دھویں کی ایک چادر لپٹی ہوئی ہے اور رات کو آسمان اتنا دھندلا دکھائی دیتا۔ لیکن آہستہ آہستہ لاہور میرے پسندیدہ مقامات میں سے شامل ہو گیا۔ اور ایسا شامل ہوا کہ میں نے اپنا تیسرا مکان وہاں بنانے کا سوچ لیا ہے۔ اور بناؤں گی بھی نیو کیمپس کے مضافات میں۔ مجھے لگتا ہے کہ نیو کیمپس واحد ایسی جگہ ہے جہاں آپ دن کے کسی بھی وقت نہر کے کنارے بیٹھ کر مراقبہ بھی کر سکتے ہو اور کسی کی طرف سے کسی قسم کی مداخلت کا امکان نہیں ۔ بلکہ میں سوچ رہی ہوں کہ مکین جتنی امیر ہونے کے بعد میرے سورسز بہت زیادہ ہو جائیں گے تو وہیں یونیورسٹی کی حدود میں ہی جگہ حاصل کی جا سکتی ہے۔ :kool

4. میرا چوتھا ٹھکانہ ہو گا اسلام آباد۔

لوگ اکثر اسلام آباد کو کلف زدہ شہر قرار دے کر دور بھاگتے ہیں۔ لیکن کم از کم مجھے تو خاموش سا، اپنے آپ میں گُم گیانی سا اسلام آباد بہت اچھا لگتا ہے :smile ۔ ویسے تو اسلام آباد کو پسند کرنے کے لئے لوک ورثہ ہی کافی ہے۔اگر رہائش کی جگہ کی بھی چوائس ہو تو میں ایف-7 میں مکان بنواؤں گی۔ جناح سُپر کی وجہ سے :)

5. پانچواں مکان ایبٹ آباد میں۔

آلودگی سے پاک انتہائی پُرسکون جگہ۔ جہاں بولنے سے زیادہ ماحول کی خاموشی کو محسوس کرنے میں مزہ آتا ہے۔ شہری افراتفری سے الگ تھلگ اس جگہ کا اپنا ہی ایک مخصوص مزاج ہے سبک خرام ندی سا۔ ۔ یہاں تو اگر کبھی مجھے مستقل بھی رہنا پڑے تو میں بلا تردد رہ جاؤں۔ :smile

6. چھٹا مکان ہو گا خانس پور میں۔

ہم لوگ خانس پور ایک فیلڈ ٹرپ پر گئے تھے۔ اتنا خوبصورت علاقہ شاید ہی میں نے کبھی دیکھا ہو۔ :) پہلی کرن سے لے کر شام غروب ہونے تک سورج کی روشنی درجنوں رنگ بدلتی ہے۔ دو ہفتے سے زیادہ قیام میں میں یہ فیصلہ نہیں کر سکی کہ وہاں کی صبح زیادہ دلکش ہوتی ہے یا شام۔ بہرحال خانس پور کے گرد و نواح میں بھی ایسی ہی قدرتی خوبصورتی بکھری پڑی ہے۔ ۔ واک کا موڈ ہو تو گھر سے نکلو اور گلیات کی طرف روانہ ہو جاؤ۔ یہاں مری جیسا شور شرابا نہیں ہے بلکہ لگتا ہے جیسے زندگی میں ایک ٹھہراؤ سا آ گیا ہو۔ بالکل جیسے پیٹر پین کا نیور لینڈ ۔ :smile

7. ساتواں نمبر ہے سنٹرل لندن کا۔

کیونکہ پورے لندن میں مجھے یہی جگہ سب سے زیادہ پسند ہے۔ آپ اکیلے بھی ہوں تو بور نہیں ہوتے۔ لندن کی مشہور عمارات اور شخصیات اسی علاقے میں پائی جاتی ہیں۔ ایک وجہ یہ بھی ہے کہ آٹھ مکان بنانے کے بعد ان کے اخراجات بھی تو پورے کرنے ہیں ۔اس لئے سنٹرل لندن میں مکان کا دوسرا فائدہ یہ ہو گا کہ میں اس کو رینٹ پر سے دے دوں گی۔ چونکہ یہ لندن کا مہنگا ترین علاقہ ہے تو پاکستان والے مکانوں کے بجلی اور گیس کے بلز تو بھر سکوں گی۔ :D

8. آٹھواں اور آخری مکان آکسفورڈ میں

انگلینڈ میں میری پسندیدہ ترین جگہ۔ آپ آکسفورڈ میں داخل ہوتے جائیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے آپ تاریخ میں سفر کر رہے ہیں۔جیسے وقت کئی صدیاں پیچھے چلا گیا ہے۔ شہر کا آرکیٹکچر ، مارکیٹس ، لائبریریاں ، باغات ، میوزیم اور سب سے بڑھ کر آکسفورڈ یونیورسٹی ہر ایک جگہ جیسے کہانیاں سناتی ہے۔ :)

چلیں جی۔ خیال چودھری کی ترکیب کے مطابق انتہائی لذیذ پلاؤ تیار ہو گیا ہے:shy: ۔ اسی چکر میں میرا لنچ گول ہو گیا ۔ لیکن خیر آٹھ مکانوں کے لئے ایک وقت کے کھانے کی قربانی کیا معنی رکھتی ہے۔ ویسے میں تو یہ چھوٹی سی لسٹ بنا کر ہی تھک گئی۔ اللہ جانے لوگ حقیقت میں اتنی ڈھیر ساری جائیداد کیسے بنا لیتے ہیں۔

اردو بلاگرز پہلے ہی گنے چنے ہیں۔ آٹھ لوگوں کو ٹیگنا اتنا ہی مشکل لگتا ہے جیسے عالمی برادری میں پاکستان کے حمایتی ڈھونڈنا۔ :shy:










میں مزید شگفتہ ، ماوراء ، ہالہ اور وارث کو ٹیگ کرتی ہوں





برسبیلِ تذکرہ:



اتنی بڑی ان دنیاؤں میں

اپنے نام کی تختی والی ایک عمارت

کتنے دُکھوں کی اینٹیں چُن کر گھر بنتی ہے











12 comments:

  • 6 November 2008 at 11:06

    اپنے ان آٹھوں گھروں کی مبارکباد قبولیں :party
    آپکا پراپرٹی ٹیکس آ گیا ہے برائے مہربانی اسے جمع کروا دیں :bgrin

  • 6 November 2008 at 21:54

    یہ لاہور سے باہر والوں پر لاہور کا پہلا امپریشن برا ہی کیوں پڑتا ہے؟ ویسے لاہور کے معاملے میں پھر فرسٹ امپریشن از دی لاسٹ والی بات تو درست نہ ہوئی نہ۔

  • 7 November 2008 at 21:20

    السلام علیکم فرحت ، دلچسپ لکھا ہے ، آپ کی فہرست تو شاندار ہے :) کتنے عرصہ میں بنا لینا ہے سب کے سب ۔ ۔ ۔ اور آدھی جگہیں تو اس فہرست میں میری پسندیدہ ہیں لہذا مجھے بھی یاد رکھیں بنواتے وقت :)

    فرحت حنہ جھیل تو واقعی خوبصورت ہے ، وش لسٹ میں شامل ہونے کی وجہ بھی لکھنی تھی ناں

    لاہور میں اس بار جب گئے تھے تو وہاں بھی گئی تھی جہاں آپ نے کہا تھا :) پچھلی بار نہیں جانا ہو سکا تھا ۔ ویسے یہ یونیورسٹی کی حدود میں کیا کرنا ہے ذرا یہ بھی بتائیں :)

    شگفتہ’s last blog post..کاپی رائٹ

  • 7 November 2008 at 21:28

    [...] فرحت کیانی (دریچہ) نے ٹیگ کیا تھا سو حاضر ہوں لیکن آٹھوں گھر، کم از کم میری [...]

  • 7 November 2008 at 21:28

    خانس پور کی تصاویر پلیز اور آکسفورڈ کی بھی

    شگفتہ’s last blog post..کاپی رائٹ

  • 7 November 2008 at 21:34

    شکریہ فرحت ٹیگ کرنے کیلیئے، میں نے اس پر پوسٹ کر دی ہے!

    http://waris.urdutech.net/2008/11/07/tag-eight-houses/

    محمد وارث’s last blog post..اردو محفل لوگو اپنے بلاگ کیلیے

  • 8 November 2008 at 01:34
    بوچھی :

    :party بہت خوب ۔۔ پسند آئے سارے گھر ۔

  • 8 November 2008 at 03:58

    آکسفورڈ دیکھنے کا تجسس بڑھ گیا ہے، فرحت، اگر ہو سکے تو تصاویر لے کر پوسٹ کر سکتی ہیں؟

  • 8 November 2008 at 09:02

    [...] نے سلسلہ شروع کیا۔ اس کے بعد شعیب اور فرحت نے ٹیگ [...]

  • 8 November 2008 at 11:27

    واہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔اچھا پلاؤ‌ ہے۔ لیکن یہ بتائیے ایبٹ‌ آباد ”آلودگی سے پاک اور پُرسکون“ کب سے ہو گیا؟‌ایف سیون کی بجائے ای سیون میں لیں، بالکل مارگلہ کے ساتھ۔

    ساجداقبال’s last blog post..آپ کا اوتار کہاں ہے؟

  • 8 November 2008 at 20:29
    Virtual Reality :

    @ ڈفر: مبارک تو میں نے قبول لی ہے۔ شکریہ :) لیکن پراپرٹی ٹیکس والی بات نہ کریں۔ میں مکین جتنی دولتمند ہوں اور پاکستان میں ہوں۔ ٹیکس دینا عام لوگوں پر فرض ہوتا ہے، بڑے لوگوں پر نہیں :D

    @ بدتمیز میرا خیال تھا کہ صرف مجھے ہی پہلی بار لاہور اچھا نہیں لگا تھا۔ اور فرسٹ امپریشن والی بات کو کم از کم میں تو درست نہیں مانتی۔ کیونکہ میرا تجربہ کہتا ہے کہ فرسٹ امپریشن ہمیشہ حقیقت کے الٹ ہوتا ہے۔ (ہمیشہ نہیں تو اکثر) :smile

    @ شگفتہ: بنا لئے ناں سارے مکان۔ مُلا کی دوڑ مسجد تک۔ اور خیال بانو کی پلاننگ خیالوں تک ہی محدود ہوتی ہے :shy: ۔
    بس آپ انوائیٹڈ ہیں۔ ہر گھر میں آپ کا پورشن سیٹ کر دیا گیا ہے۔ جب دل چاہے موو ہو جائیں :)

    حنہ جھیل کی ایک اور گواہی مل گئی۔ اب تو میں نے ضرور جانا ہے وہاں۔
    شگفتہ! کوئٹہ میری جنم بھومی ہے۔ لیکن میں بہت چھوٹی تھی جب ابو کی پوسٹنگ واپس پنجاب میں ہو گئی۔ اماں سے وہاں کے بارے خصوصاً حنہ جھیل کے بارے میں اتنا کچھ سنا ہے کہ ہمیشہ سے میری خواہش رہی ہے کہ جب زندگی میں موقع ملا میں نے وہاں ضرور جانا ہے۔ :smile
    کیسا لگا آپ کو وہاں جا کر شگفتہ؟؟ لاہور کے بارے میں لکھتے ہوئے میرا دل چاہ رہا تھا پورا مضمون ہی لکھ دوں۔ میرا پسندیدہ شہر کی طرز پر :D ۔ یونیورسٹی کی حدود میں نہر کنارے بیٹھنا ہے۔ مین لائبریری جایا کرنا ہے اور 4 نمبر سٹاپ پر قلفی کھانے اور رَو پینے جانا ہے :shy:

  • 8 November 2008 at 20:39
    Virtual Reality :

    @ شگفتہ خانس پور کی تصویریں تو پاکستان میں ہیں۔ اور آکسفورڈ کی پوسٹ کرتی ہوں جلد ہی۔

    @ وارث بہت بہت شکریہ :)

    بوچھی: اہلاً و سہلاً شازیہ جی! آپ کو یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ بہت بہت شکریہ :smile

    ماوراء! کیوں نہیں۔ میں پوسٹ کرتی ہوں جلد ہی۔ انشاءاللہ

    @ ساجد اقبال: بہت شکریہ :)
    ابیٹ آباد آلودگی سے پاک نہیں ہے ساجد :qstn مجھے تو پرسکون بھی لگا تھا اور صاف بھی :cry:
    ایف-6 والا آئیڈیا بھی بہت اچھا ہے۔ وہیں بنا لوں گی۔ جناح سپر تو کہیں سے بھی آیا جا سکتا ہے :)

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔