Saturday 5 January 2008

آج اور کل

0 comments

اچھا ہے دل کے ساتھ رہے پاسبانِ عقل
لیکن کبھی کبھی اسے تنہا بھی چھوڑ دے
آجکل میں مصرعہء ثانی پر پورے شد و مد کے ساتھ عمل کرنے کی کوشش کر رہی ہوں۔۔۔جو دل کہتا ہے وہ کرتی ہوں۔۔جیسا کہ آجکل میرا دل صرف دوستوں اور کزنز سے گپیں لگانے یا بچہ پارٹی کے ساتھ کھیلنے کے علاوہ اور کسی طرف نہیں جاتا۔دماغ کے کچھ کہنے پر پابندی ہے اس لیے۔۔ جو جو کام پہلے کرنے کا ہوتا ہے اس کو 'ٹو ڈو لسٹ' میں آخر پر رکھتی ہوں اور کیونکہ یہ لسٹ پرویز مشرف کے دورِ حکومت کی طرح طویل ہوتی جاتی ہے تو 'آخری کام' کی نوبت ہی نہیں آتی اکثر۔۔۔نتیجہ صاف ظاہر ہے۔۔۔عین وقت پر مصیبت پڑ جاتی ہے۔۔۔ وہ تو قسمت ذرا مہربان ہے آجکل کہ آخری لمحوں میں بھی ٹھیک ٹھاک کام ہو جاتا ہے ورنہ ۔۔۔۔

سوچتی ہوں اتنی فرصت کے دن پھر نجانے کب ہاتھ آئیں گے۔۔۔پاؤں میں چکر بندھا ہو تو کیا معلوم صبح کہاں ہو اور شام کہاں۔۔۔جو وقت مل رہا ہے اس سے فائدہ اٹھایا جائے ۔۔اور خوبصورت لمحوں کو مٹھی میں بند کر لیا جائے کہ رب جانے  کل  کو زندگی کیا رخ دکھائے۔۔۔




وقت ہے کہ گزرتا ہی جاتا ہے۔۔لمحے، دن، مہینے، سال اتنی تیزی سے گزرتے جا رہے ہیں۔۔۔ کل مارکیٹ میں بہت دنوں بعد ایک رشتہ دار آنٹی سے ملاقات ہوئی۔۔ان کے ساتھ ان کی بیٹی تھی جس سےجب میں آخری دفعہ ملی تھی تو وہ  او لیولز کا امتحان دے رہی تھی اور اب وہ بی بی اے آنرز کے فائنل میں ہے۔۔۔اس سے مل کر احساس ہوا کہ وقت کو پر لگ گئے ہیں اور کل سے میں یہ سوچ رہی ہوں کہ وقت کتنا تیز رفتار ہے... سکول میں تھے تو لگتا ہے دن گزر ہی نہیں رہے...۔۔مجھے گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد سے انتظار رہنے لگتا تھا کہ کب سال ختم ہو گا اور ہم نئی کتابیں پڑھیں گے۔۔۔ ہاسٹل میں تھے تو گھر سے واپس آنے کے اگلے دن ہی حساب لگانا شروع کر دیتے تھے کہ اب کب چھٹیاں آئیں گی۔۔۔ کیلنڈر پر نشان لگا لگا کر بھی لگتا تھا دن آگے بڑھ ہی نہیں رہے۔۔اوراب احساس ہوا۔۔چار سال جیسے چار ہفتوں میں گزر گئے۔۔۔

0 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔