Friday 21 December 2007

ایک اور سال بیت گیا

5 comments

کبھی نرمی، کبھی سختی، کبھی الجھن، کبھی ڈر
وقت اے دوست! بہرحال گزر جاتا ہے
لمحہ لمحہ نظر آتا ہے کبھی اک اک سال
ایک لمحے میں کبھی سال گزر جاتا ہے

ایک اور سال ختم ہونے کو ہے۔ ابھی تو 2006 شروع ہوا تھا ۔۔۔پتہ بھی نہیں چلا اوراب  دسمبربھی جا رہا ہے۔۔۔سب کچھ ویسا ہی ہے۔۔ وہی حالات،وہی رویے، وہی باتیں۔۔۔ کچھ خاص تبدیلی تو نہیں آئی۔۔سوائے جنرل پرویز مشرف کی وردی سے شیروانی میں تبدیلی۔۔۔آج یونہی بیٹھے بیٹھے بات چھڑی کہ سال کیسا گزرا تو حسابِ سودوزیاں کرنے بیٹھی۔۔معلوم ہوا کہ۔۔



۔۔ اس سال بھی سارے موسم ویسے ہی تھے۔۔ بے بسی اور کم مائیگی کے کہرے میں لپٹے ہوئے
۔۔اس سال بھی اپنی اور دوسروں کی مجبوریوں پرجی بھر کے رونا آیا۔۔
۔۔ اس سال بھی لوگ امن و سکون کو ترستے رہے :(
۔۔ذاتی سطح پر دیکھوں تو بھی سب کچھ ویسا ہی ہے۔۔ذاتی کمزوریوں کی فہرست میں اضافہ ہوتادکھائی دیتا ہے۔۔خوبی تو ویسے ہی جنسِ ناپید ہے۔محدب عدسے سے بھی ڈھونڈے نہیں ملتی :oops:

مثبت نقطہء نظر سے دیکھوں تو۔۔



۔۔خوش آئند  تبدیلی لوگوں کااپنے حق کے لئے اٹھ کھڑا ہونا ہے۔۔اگرچہ ابھی لمبا سفر  درپیش ہے اور صعوبتیں بے شمار۔۔لیکن سفر کا آغاز ہو چکا ہے۔۔  :)
۔۔اس سال جانو بچے ’فصیح صاحب ’ (میرے بھتیجے) نے اس دنیا میں قدم رنجہ فرمایا۔ امید کی ایک نئی کرن ہم سب کے ہاتھ آ ئی۔ :)
۔۔آج میرا کم از کم دو لٹر خون بڑھا جب اماں نے کہا۔۔’مجھے تمہارے اندر پہلے کی نسبت زیادہ ٹھہراؤ اور تحمل نظر آ رہا ہے۔۔۔’یعنی میری اس سال کی اکلوتی کامیابی  :D

اگرچہ آغاز سے اختتام تک یہ سال مجموعی طور پر ہم پاکستانیوں کے لئے بہت مشکل رہا ۔۔سانحہ ء لال مسجد سے لیکر آج جمعہ 21 دسمبربروزِ عید پشاور کی مسجد میں ہونے والے دردناک دھماکے تک۔۔سارا سال ہی پاکستانیوں کی آنکھیں برستی رہیں۔۔لیکن پھر بھی ہم رحمتِ خداوندی سے مایوس نہیں ہیں ۔۔اللہ تعالیٰ سالِ نوکو ہم سب کے لئے مبارک ثابت فرمائے اور انفرادی اور اجتماعی ہر دو سطح پر خوشیاں، سکون، امن و سلامتی اور کامیابیاں سب کا مقدر ہوں۔۔۔(آمین)



قمری اور عیسوی دونوں لحاظ سے نیا سال شروع ہونے میں چند دن رہ گئے ہیں۔۔میری طرف سے  آنے والے سال کے لئے نیک خواہشات۔۔۔اللہ تعالیٰ ہم سب کی مشکلیں آسان فرمائے۔۔(آمین)




اے خدا سالِ نو محبتوں کا سال ہو
محبت و خلوص ہو نفرتوں کے دیس میں
کسی کو کوئی دکھ نہ ملے دوستی کے بھیس میں
خوف و ڈر کے سامنے جراءتوں کی ڈھال ہو
اے خدا سالِ نو محبتوں کا سال ہو

5 comments:

  • 22 December 2007 at 01:27

    اللہ ہم پر یہ سال مبارک کردے۔
    آمین۔

  • 22 December 2007 at 16:17
    شگفتہ :

    فرحت کیسی ہیں آپ ؟ بوچھی سے معلوم ہوا آپ کے آنے کے بارے میں ۔ اگر م س ن پر آنا ہو تو بتایئے گا ۔
    ویلکم ٹو فصیح !

    دو لٹر خون بڑھ جانے پر مبارک باد : )

    نئے سال کی دعا میں میں بھی شامل ہوں آپ کے ساتھ ۔۔

  • 23 December 2007 at 17:07
    امید :

    آنے والا سال ہم سب کے لئے باعث رحمت ہو

  • 2 January 2008 at 20:57
    Virtual Reality :

    اسلام علیکم

    آمین۔۔بہت شکریہ شاکر عزیز
    شگفتہ: میں اچھی ہوں۔۔آپ کیسی ہیں؟ اور فمزا کی شادی خوب انجوئے کی؟ آج کل میرا بھی برا حال ہے۔۔صبح کہیں ہوتی ہے تو شام کہیں۔۔۔ نیٹ پر آنے کا ٹائم نہیں مل رہا۔۔لیکن جیسے ہی کوئی روٹین سیٹ ہوتی ہے انشاءاللہ آپ سے رابطہ کرتی ہوں۔۔
    فصیح کی طرف طرف سے بڑا سا شکریہ قبول کیجئے۔۔۔اور حمزہ پارٹی کے ساتھ فصیح کو بھی اپنی دعاؤں میں شامل کر لیجئے۔۔۔
    :D مبارکباد کا شکریہ۔۔ اس تجربے کے بعد میں زبردستی دوسروں سے اپنی تعریف کروا رہی ہوں آجکل :D

    امید: آمین۔۔
    کہاں ہیں آپ؟ کتنے دنوں بعد آپ نظر آئی ہیں۔۔میں نے آپ کے بلاگ پر کمنٹ چھوڑا تھا لیکن نظر نہیں آیا وہاں۔۔۔ :)

  • 1 January 2021 at 08:03

    جب آ جاتی ہے دنیا گھوم پھر کر اپنے مرکز پر

    تو واپس لوٹ کر گزرے زمانے کیوں نہیں آتے

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔