Pages - Menu

Thursday, 14 August 2008

سالگرہ مبارک مشرف انکل!

مشرف انکل!
پہلے تو سالگرہ کی مبارک قبول کیجئے۔ میں نے آپ کو گیارہ اگست کو ہی مبارکباد دینی تھی لیکن قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی آپکی سالگرہ کے موقع پر تیاریاں دیکھنے میں اتنی محو ہوگئی کہ موقع ہی نہیں ملا۔

 


خیر ۔ آج آپ کو ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب میں دیکھا تو خیال آیا کہ میں نے تو آپکو ہیپی برتھ ڈے کہا ہی نہیں۔ اللہ تعالیٰ آپکو صحت اور لمبی عمر عطا کرے تاکہ آپ ملک و قوم کے مفاد میں کیے گئے اپنے فیصلوں کے دوررس اثرات دیکھ کر اپنے آپ کو ‘شاباش‘ دے سکیں۔ آمین




انکل جی! میرا کتنی بار دل چاہتا ہے کہ آپ سے پوچھوں پچھلے نو سال سے آپ پاکستان کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ آپ تھکتے نہیں ہیں؟ مجھے معلوم ہے آپ کا جواب وسیم اکرم جیسا نہیں ہو گا کہ ‘نہیں، میں سگریٹ نہیں پیتا‘۔۔ کیونکہ میں نے کسی انگلش چینل پر آپ کے انٹرویو میں آپ کو کہتے سنا تھا کہ جب آپ ذہنی طور پر ڈسٹرب ہوتے ہیں تو سگریٹ یا سگار سلگا لیتے ہیں ذہنی یکسوئی کے لیے۔ آج بھی تو آپ کے ہاتھ میں سگار تھا جب رات گیارہ بجے ایوانِ صدر میں یومِ آزادی کے سلسلے میں تقریب ہو رہی تھی۔ اور آپ پروگرام کو بھی ویسے انجوائے نہیں کر رہے تھے جیسے پہلے کرتے تھے۔ ایسا لگ رہا تھا کہ آپ ذہنی طور پر کہیں اور تھے۔ میں ابھی یہی سوچ رہی تھی کہ ایک اور چینل پر ‘جنرل کیانی‘ انکل کاکُول اکیڈمی میں ‘آزادی پریڈ‘ کی سلامی لیتے نظر آئے۔ شاید اسی لیے وہ آج آپ کی تقریب میں شامل نہیں تھے۔ ہممم اب میں سمجھی۔۔۔آپ کو اپنی وردی یاد آ رہی ہوگی۔ آج وردی ہوتی تو ان کی جگہ آپ وہاں موجود ہوتے۔ ویسے بھی شیروانی کی لچک، وردی کی ‘اکڑ‘ کا مقابلہ کہاں کر سکتی ہے۔ اگر آپ اس لیے اداس تھے تو واقعی یہ اداس ہونے والی بات تھی :(

 


 



اور اس بار آپ نے کیا خود کم مہمان بلائے تھے؟ مجھے لگتا ہے کہ آپ نے ہوشربا مہنگائی دیکھتے ہوئے کم خرچ بالا نشین والا نسخہ اپنا لیا ہے اسی لیے تو  اس بار تقریب میں کم لوگ تھے۔ اچھا کیا! وردی والے بھی نہیں تھے کہ آپ ان کے درمیان سویلین لباس میں کیا اچھے لگتے۔ رہے سلمان تاثیر اور نواب مگسی ۔۔تو انہیں یقیناً اسلام آباد کے لیے جہاز میں جگہ نہیں ملی ہوگی۔ لوگ تو ایسے ہی باتیں بناتے ہیں کہ ایک اپنی پارٹی کی وجہ سے نہیں آئے اور دوسرے صدارت کے متوقع امیدوار ہونے کی وجہ سے۔
اور انکل آپ کو کیا ہوا کہ آپ نے آج تقریر بھی اردو میں کر دی۔ بالکل مزا نہیں آیا۔ اردو تو عوام کی زبان ہے۔ یاد ہے ناں جب مزارِ قائد کے احاطے کی توسیع کے موقع پر آپ نے انگریزی میں خطاب کیا تھا اور ساتھ ساتھ ایک ترجمان نے اردو ترجمہ کیا تھا۔ آپ تو بس انگریزی بولتے ہی اچھے لگتے ہیں۔ پھر آج آپ گزشتہ کئی سالوں کی طرح سٹیج پر گلوکاروں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے بھی نہیں گئے۔ کتنا اچھا لگتا تھا جب آپ کے ایک طرف علی عظمت دوسری طرف سلمان احمد اور درمیان میں آپ ۔سب مل کر لمحات کو یادگار بنا دیتے تھے اور ہم دیکھ دیکھ کر خوش ہوتے تھے کہ ہمارے چیف کتنے ملنسار اور خوش مزاج ہیں۔

ویسے انکل جی آپ نے کتنا عرصہ پاکستان کے لیے اتنے بڑے بڑے کام کیے۔ دو دو عہدوں کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ آپ کو کچھ وقت اپنے لیے بھی نکالنا چاہئیے۔ لیکن جب تک آپ اس ایوانِ صدر میں رکے رہیں گے آپ کہاں اپنے آپ کے لئے وقت نکال سکیں گے۔ آپ ایسا کریں کسی پُرفضا مقام پر شفٹ ہو جائیں۔ رہی پاکستان اور عوام کی فکر تو انہیں خود بھی کچھ کرنے دیں۔ سب کچھ آپ کی ذمہ داری تو نہیں ہے۔ ویسے جب آپ تقریب سے خطاب کر رہے تھے تو مجھے کسی نے کہا کہ ہو سکتا ہے صبح 14 اگست کی مناسبت سے یا ایک دو دن بعد آپ قوم کو کوئی تحفہ دیں کیونکہ آپ کی باڈی لینگوئج اور ٹون کچھ بتا رہی تھی۔ میں نے کہا آپ تو بذاتِ خود ہمارے لیے ایک ‘تحفہ‘ ہیں۔۔مزید کی کیا ضرورت۔ ویسے اگر آپ نے کوئی تحفہ دینا ہوا تو اس کا اعلان کرتے ہوئے اپنا مُکا ہوا میں ضرور لہرائیے گا۔ بہت اچھے لگتے ہیں ایسا کرتے ہوئے۔


اچھا انکل اب ختم کرتی ہوں۔ ابھی باتیں تو بہت ہیں لیکن معلوم نہیں آپ کے پاس اتنا وقت اور فرصت ہو گی یا نہیں کہ میرا خط پڑھ سکیں۔

7 comments:

  1. زبردست فرحت۔ بہت اچھا لکھا ہے۔:D

    آپ نے انکل مشرف کو خط لکھا ہے، میں نے اللہ کو خط لکھا ہے۔ لیکن کل انشاءاللہ پوسٹ کروں گی بلاگ پر۔ :D

    ReplyDelete
  2. السلام علیکم فرحت ،

    یومِ آزادی مبارک ہو !

    کیسی ہیں اور کہاں ہیں اور کیوں :) :)
    کیا بہت مصروف ہوگئی ہیں اور کیا کچھ کرتی رہتی ہیں ؟

    ReplyDelete
  3. یہی تو مسئلہ ہے نہ۔ جب تک پر فضا مقام پر بھیجنے کی سہولت واپس نہیں لی جاتی ہمارے صدور ایسے ہی کارنامے دیکھاتے رہیں گے۔ :(

    ReplyDelete
  4. ۔۔بہت شکریہ ماوراء! واؤ یہ تو اچھا اتفاق ہوا۔ بس جلدی جلدی پوسٹ کریں اپنا خط :)
    ۔۔وعلیکم السلام شگفتہ!
    میں ٹھیک۔ الحمداللہ۔ آپ کیسی ہی؟
    نہیں، اتنی مصروف تو نہیں ہوئی۔۔لیکن بس دوسروں کی مصروفیت نے گھن چکر بنایا ہوا ہے۔۔۔آپ خود کہاں ہیں؟ کتنے دن ہو گئے بات نہیں ہوئی۔

    بدتمیز: بات تو آپ نے بالکل درست کی ہے۔ ویسے میں نے پُرفضا مقام مخلف معنوں میں استعمال کیا تھا :)

    ReplyDelete
  5. [...] ہی دلچسپ انداز میں سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کو ایک خط لکھا، جس میں انہوں نے مشرف صاحب کو سالگرہ کی مبارک باد [...]

    ReplyDelete
  6. [...] ہی دلچسپ انداز میں سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کو ایک خط لکھا، جس میں انہوں نے مشرف صاحب کو سالگرہ کی مبارک باد [...]

    ReplyDelete
  7. اس جیسے آدمی کی سالگرہ منانا پاکستان سے گرداری ہے

    ReplyDelete