او دیس سے آنے والے بتا! : عابدہ پروین
کلام: اختر شیرانی+ احمد فراز
او دیس سے آنے والے بتا
کس حال میں ہیں یارانِ وطن
وہ باغِ وطن فردوسِ وطن
او دیس سے آنے والے بتا
کیا اب بھی وہاں کے باغوں میں
مستانہ ہوائیں آتی ہیں
کیا اب بھی وہاں کے پربت پر
گھنگھور گھٹائیں چھاتی ہیں
کیا اب وہاں کی برکھائیں
ویسی ہی دلوں کو بھاتی ہیں
او دیس سے آنے والے بتا
وہ شہر جو ہم سے چھُوٹا ہے، وہ شہر ہمارا کیسا ہے
سب لوگ ہمیں پیارے ہیں مگر وہ جان سے پیارا کیسا ہے
او دیس سے آنے والے بتا
کیا اب بھی وطن میں ویسے ہی
سر مست نظارے ہوتے ہیں
کیا اب بھی سہانی راتوں کو
وہ چاند ستارے ہوتے ہیں
ہم کھیل جو کھیلا کرتے تھے
کیا اب بھی وہ سارے ہوتے ہیں
او دیس سے آنے والے بتا
شب بزمِ حریفاں سجتی ہے یا شام ڈھلے سو جاتے ہیں؟
یاروں کی بسر اوقات ہے کیا ہر انجمن آرا کیسا ہے
او دیس سے آنے والے بتا
کیا اب بھی مہکتے مندر سے ناقوس کی آواز آتی ہے
کیا اب بھی مقدس مسجد پر مستانہ اذان تھراتی ہے
کیا اب بھی وہاں کے پنگھٹ پر
پنہاریاں پانی بھرتی ہیں
انگڑائی کا نقشہ بن بن کر
سب ماتھے پہ گاگر دھرتی ہیں
اور اپنے گھر کو جاتے ہوئے
ہنستی ہوئی چہلیں کرتی ہیں
او دیس سے آنے والے بتا
مہران لہو کی دھار ہُوا
بولان بھی کیا گُلنار ہوا
کس رنگ کا ہے دریائے اٹک
راوی کا کنارہ کیسا ہے
اے دیس سے آنے والے مگر تم نے تو نہ اتنا بھی پوچھا
وہ کَوی جسے بن باس ملا، وہ درد کا مارا کیسا ہے
او دیس سے آنے والے بتا
کیا اب بھی کسی کے سینے میں
باقی ہے ہماری چاہ بتا
کیا یاد ہمیں بھی کرتا ہے
اب یاروں میں کوئی آہ! بتا
او دیس سے آنے والے بتا
للہ بتا للہ بتا
او دیس سے آنے والے بتا
هائے !!ـ
ReplyDeleteایک کسک سی سینے ميں رکھ دی اس نظم نے
میں نے بہت پہلے یه نظم کہیں پڑھی تھی
اور کچھ کجھ یاد تھی
هائے هم جلا وطن لوگ اور هماری زندگی
کاش که میرا وطن بھی ایک ملک هوتا ـ
هم بھی اپنے هی ملک میں سہولت سے زندگی گذار سکتے ـ
خاور’s last blog post..اشتہار
اب کچھ ویسا نہیں
ReplyDeleteسب بدل گیا ، سب کچھ
اور اس بدل نے وقت بھی نہیں لیا
دیکھتے ہی دیکھتے سب ہو گیا
اور جس جس نے دیکھا اسکو اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آ رہا :hrtbrkin
خاور صاحب ملک تو ہمارے پاس ہے
شائد آپ کہنا چاہتے تھے
کاش ہمارا ملک بھی وطن ہوتا
یہاں رہ کر بھی دیار غیر کا احساس ہوتا ہے اب
السلام علیکم فرحت ،بلاگ اچھا لگ رہا ہے اب بہت ۔ ہاسٹل کی یاد دلادی :smile مجھے فمزا نے یہ نظم بھیجی تھی جب میں ہاسٹل میں
ReplyDeleteشگفتہ’s last blog post..آغازِ نو
ہم نے آپکو ٹیگ کیا ہے
ReplyDeleteآپ مزید تفصیل پڑھ سکتی ہیں یہاں
http://www.dufferistan.com/?p=206
خاور: پردیس میں رہ کر اس کلام کو پڑھنا یا سننا کیسا لگتا ہے یہ تو آپ کے جواب سے ظاہر ہو رہا ہے۔
ReplyDeleteاللہ کرے کہ پاکستان سے مصیبتوں اور پریشانیوں کے بادل جلد چھٹ جائیں اور کسی کو ایسا کچھ نہ سوچنا اور کہنا پڑے جیسے اب ہم پاکستانی گھبرا کر کہنے لگتے ہیں۔
ڈفر: ملک بھی وہی ہے، لوگ وہی ہیں لیکن حالات وہ نہیں۔ہمیں یونہی لگتا ہے کہ سب کچھ بہت جلدی ہو گیا۔۔۔لیکن کوئی بھی تبدیلی اتنی جلدی کب آتی ہے۔ بحثیتِ قوم ہم نے کتنی ہی چھوٹی چھوٹی غلطیاں کی ہیں ایک لمبے عرصے میں جو اس بگاڑ کا باعث بنی ہیں۔
شگفتہ: بہت بہت شکریہ :shy: دیکھا میں نے آپ کو کیا کیا یاد کرا دیا :)
ڈفر: بہت شکریہ ٹیگ کرنے کا :) . میں آپکی پوسٹ دیکھتی ہوں ابھی تفصیل کے لئے۔
ReplyDeleteیہ سخت مزاجی تو نہیں بلکہ اچھی قوتِ برداشت کی نشانی ہے فہد۔
ReplyDeleteمیں نے جب پہلی بار یہ کلام پڑھا تھا تب ہی سے بہت پسند تھا لیکن عابدہ پروین نے اس طرح گایا ہے کہ سنتے ہوئے دل یوں ہی گداز ہو جاتا ہے جیسا کہ آپ نے لکھا۔
ثمَ آمین۔ اللہ تعالیٰ آپ کی اور ہم سب کی دعائیں قبول فرمائے۔